اندرو، 30/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)پروازوں کو بم سے اڑانے کی جعلی دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران، منگل کو ایئر انڈیا کی 32 پروازوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں، جس کے نتیجے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی۔ ان پروازوں کے حوالے سے موصول ہونے والی دھمکیوں نے مسافروں میں بے چینی پیدا کر دی، اور ایئرلائنز کے عملے میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
پروازوں میں بم کی اطلاع ملنے کے بعد تمام پروازوں کی ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔ تحقیقات کے بعد تمام دھمکیاں جعلی پائی گئیں اور پروازوں کا رخ اپنی منزل کی طرف موڑ دیا گیا۔ حالیہ ہفتوں میں، کمرشل ایئر لائنز اور ملک بھر میں متعدد اداروں کو بم کی جھوٹی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔ ایئر لائنز کو موصول ہونے والی دھمکی آمیز کالوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
سیکیورٹی ایجنسیوں نے پچھلے دو ہفتوں کے دوران 400 سے زیادہ دھوکہ دہی کی کالیں موصول ہونے کی اطلاع دی ہے، جس سے مسافروں کی حفاظت اور قومی سلامتی پر ممکنہ اثرات کے بارے میں بڑے پیمانے پر خدشات پیدا ہوئے ہیں۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق ان بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے، این آئی اے کے سائبر ونگ نے ان غیر ملکی دھمکیوں کی کالوں کا ایک جامع تجزیہ شروع کر دیا ہے۔ تحقیقات ان کالز کے پیچھے محرکات کو سمجھنے اور ان کی صداقت کا اندازہ لگانے پر توجہ مرکوز کرے گی۔
جعلی دھمکی آمیز کالوں پر سخت موقف اپناتے ہوئے، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے گزشتہ ہفتے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ایک ایڈوائزری جاری کی، جس میں ان سے کہا گیا کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی قوانین اور ہندوستانی عدالتی ضابطہ کی دفعات کی تعمیل کریں۔ کہا گیا ہے کہ بم کی دھمکی والی پوسٹوں کو فوری طور پر ہٹانے کے لیے 'معقول کوششیں' کریں ۔